نان فائلرز کیلئے گاڑیاں مزید مہنگی، دگنا ٹیکس ادا کرنا پڑے گا

Last Updated On 24 January,2019 12:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نان فائلرز کے لئے گاڑیاں مزید مہنگی ہوگئیں، منی بجٹ میں نان فائلرز کو فائلرز کے مقابلے دگنا ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ صنعتی پیداوار اور روز گار میں اضافے کی خاطر حکومت نے منی بجٹ میں فائلر کی شرط تو ختم کر دی مگر ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا۔

حکومت نے نان فائلرز کے لئے 1300 سی سی تک کی گاڑیوں کی خریداری کی اجازت تو دے دی مگر اب گاڑی کی خریداری میں نان فائلرز کو فائلرز کے مقابلے میں 100 فیصد زیادہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

نان فائلرز کے لئے 850 سی سی کی گاڑی پر ٹیکس 5 ہزار روپے اضافے سے 15 ہزار روپے کر دیا گیا جبکہ یہی گاڑی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والا فرد 75 ہزار روپے ٹیکس ادا کرکے کے خرید سکتا ہے۔ نان فائلر کے لئے 850 سے ہزار سی سی کی گاڑی پر ٹیکس ساڑھے 12 ہزار روپے اضافے سے 37 ہزار 500 روپے کردیا گیا۔ اسی طرح نان فائلرز سے ہزار سے 1300 سی سی کی گاڑی پر ٹیکس 15 ہزار روپے اضافے سے 60 ہزار روپے وصول کیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق گذشتہ بجٹ میں حکومت کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری کے لئے فائلرز کی شرط لازم قرار دی گئی تھی، جس سے رواں مالی سال کے چھ ماہ کے دوران مقامی گاڑیوں کی فروخت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔ ساتھ ہی اس شعبے سے تعلق رکھنے والے کئی افراد بے روزگار بھی ہونا شروع ہوگئے تھے، صنعتی پیداوار اور روز گار میں اضافے کی خاطر حکومت نے منی بجٹ میں فائلر کی شرط تو ختم کردی مگر ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا۔