اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے پٹرول، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں کمی کر دی جبکہ ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والے ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے کمی کی تجویز مسترد کر دی ہے اور یہ پرانی قیمت پر برقرار ہے۔
اسلام آباد سے وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 59 پیسے کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 90 روپے 38 پیسے فی لٹر کر دی گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت 106 روپے 68 پیسے فی لٹر پر برقرار رہے گی اور اس میں کمی کے لیے اوگرا کی چار روپے کمی کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے۔
مٹی کے تیل نئی قیمت 73 پیسے کمی کے بعد 82 روپے 25 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 25 پیسے کمی کے بعد 75 روپے 03 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔ قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہو گا۔
یاد رہے کہ آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کیلئے سمری ارسال کی تھی جس میں پٹرول کی قیمت میں 50 پیسے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں چار روپے فی لٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں دو روپے فی لٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔