اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت مالیاتی کوآرڈینیشن کونسل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزائے خزانہ نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بطور وزیر خزانہ اجلاس میں شرکت کی۔
دنیانیوز کے مطابق بلوچستان وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی کونسل کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ کونسل میں صوبائی محاصل کے معاملات کا جائزہ لیا گیا جبکہ وفاق سے صوبوں کو ملنے والی اعانت پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق صوبوں میں گرانٹس کے بہتر استعمال کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبوں میں سماجی اور ترقیاتی فنڈنگ کے لیے بھی بات چیت ہوئی جبکہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ مالیاتی کوآرڈینیشن کونسل وفاق اور صوبوں میں رابطے بڑھائے گی۔