کراچی: (دنیا نیوز) تنخواہ دار طبقے پر نیا بجٹ بھاری پڑے گا، حکومت نے ٹیکس سلیب میں اضافے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔
تنخواہ دار طبقے کی نئے بجٹ میں شامت آئی کیوںکہ ذرائع بتا رہے ہیں کہ تنخواہ دار طبقے کے ٹیکسوں میں اضافے کی تجویزپیش کی گئی ہے، نئے ٹیکس سلیب کے مطابق صرف سالانہ 4 لاکھ روپے آمدنی والا ہی بچ پائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سالانہ 5 لاکھ روپے تنخواہ پر 1 ہزار روپے ٹیکس، سالانہ 6 لاکھ روپے تنخواہ پر 3 ہزار روپے، سالانہ 7 لاکھ روپے تنخواہ پر 6 ہزار روپے، سالانہ 8 لاکھ تنخواہ پر 10 ہزار روپے، سالانہ 12 لاکھ روپے تنخواہ پر 32500 روپے جبکہ سالانہ 30 لاکھ تنخواہ پر2 لاکھ 18 ہزار روپے اور سالانہ 40 لاکھ تنخواہ پر3 لاکھ 66 ہزار روپے ٹیکس وصول کیا جائے گا جس میں 77 ہزار روپے اضافی بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 12 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ وصول کرنے افراد اس وقت پورے سال میں صرف اور صرف 2 ہزار روپے ادا کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق مشکل کی اس گھڑی میں سرکار آمدنی میں اضافے کے لئے ٹیکس سلیب میں تبدیلیاں کر رہی ہے، اس اقدام سے 90 ارب روپے کا اضافی ٹیکس وصول ہونے کا امکان ہے۔