خیبر پختونخوا میں حکومت نے نسوار پر ٹیکس لگا دیا

Last Updated On 20 June,2019 01:29 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں حکومت نے نسوار پر ٹیکس لگا دیا۔ دکاندار بھی نسوار کی قیمت دُگنی کرنے کے بارے میں سوچنے لگے جس کے بعد نسوار کے عادی افراد بھی پریشان ہو گئے۔

دنیا نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا میں نسوار کا نشہ ثقافتی رنگ اختیار کر چکا ہے۔ نسوار کے نشے کی بڑھتی ہوئی لت اور فروخت کنندگان کو صوبائی حکومت نے ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کر دیا۔ فی کلو پر اڑھائی روپے ٹیکس لگا دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق صوبے میں نسوار کے عادی افراد ٹیکس کے نفاذ کر سن کر مایوس ہو گئے، کہتے ہیں ایک سستا نشہ کرتے تھے حکومت نے اس کو بھی نہیں چھوڑا۔

دُکانداروں کا کہنا ہے کہ نسوار پر ٹیکس کی شرح بڑھانے سے فی بوری کی قیمت میں اڑھائی ہزار روپے اضافہ ہو گیا ہے یا تو پڑی میں مقدار کم کی جائے گی یا قیمت دس سے بڑھا کر پندرہ روپے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں نسوار کے 300 سے زائد کم و بیش کارخانے موجود ہیں جبکہ ہاتھ سے نسوار تیار کرنے والی دکانوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔