ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ڈالر کی اڑان کو جواز بنا کر سرجیکل آلات کی قیمتوں میں 20 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے آلات کی خریداری مشکل ہونے پرمریضوں کے لواحقین بھی پریشان ہیں۔
ملتان میں دکانداروں کی جانب سے سرجیکل آلات کی قیمتوں میں 20 فیصد تک خود ساختہ اضافہ کر دیا گیا جس سے ویل چیئر کی قیمت 6 ہزار روپےسے بڑھ کر 8 ہزارروپے، گلوز کی قیمت 300 سے 450 روپے، شوگر میٹر 1600 روپے جبکہ بلڈ پریشر میٹر کی قیمت بھی 3 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے جس سے سرجیکل آلات خریدنا بھی مریضوں کے لواحقین کے لئے مشکل ہو گیا ہے۔
ڈائیلاسز میں استعمال ہونے والی نیڈلز کی قیمت بھی 30 روپے تک بڑھ چکی ہے تاہم آرتھو پیڈک کے سامان کی قیمت میں بھی 40 فیصد تک اضافہ کیا گیا جس پر دکانداروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ خودساختہ نہیں بلکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نتیجہ ہے۔
ادویات اور سرجیکل آلات کی قیمتوں نے مریضوں کی زندگی مزید اجیرن کردی ہے جس کا لواحقین نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔