لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ روز بروز تگڑا ہوتا جا رہا ہے، دوسری طرف سٹاک مارکیٹ میں 589 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔
صرافہ مارکیٹوں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 400 روپے اضافہ ریکارڈ کیاگیا جس کے بعد سونے کی قیمت 77800 روپے سے بڑھ کر 78200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری طرف انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدرمیں بہتری کا تسلسل جاری ہے، مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 72 پیسے کی مزید کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت استحکام رہا۔
انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 72 پیسے کمی کے بعد قیمت خرید 157.03روپے اور قیمت فروخت 157.53روپے ہوگئی۔ اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قیمت میں استحکام رہا، ڈالر کی قیمت خرید 156.50 روپے اورقیمت فروخت 157.50 روپے پرمستحکم رہی۔
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی کا تسلسل چل رہا ہے، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی تیزی رہی۔ انڈیکس 589.44 پوائنٹس اضافے کے بعد 34896.55پوائنٹس پر بند ہوا۔