کراچی: (دنیا نیوز) روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بڑھنے لگی، انٹر بینک میں امریکی کرنسی 40 پیسے بڑھ گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز امریکی ڈالر کی قیمت میں 40 پیسے کی بڑھوتری دیکھی گئی جس کے بعد امریکی کرنسی 157 روپے 32 پیسہ پر بند ہوئی۔
دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی روپے کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی گئی جس کے بعد ڈالر 50 پیسے اضافہ سے 157 روپے 50 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا۔
اُدھر آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ روپے کا رئیل ایکسچینج ریٹ انڈیکس 97 اعشاریہ 76 پوائنٹس پر آگیا۔ روپیہ اپنی اصل قدر سے کم سطح پر ٹریڈ ہورہا ہے۔
اجلاس کے دوران ماہرین کا کہنا تھا کہ انڈیکس 100 پوائنٹس سے کم ہونا روپے کی قدر میں اضافے کا اشارہ ہے، روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں 4 روپے تک کمی کی گنجائش ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملکی معیشیت کی بہتری کیلئے ادائیگیوں کے توازن میں بہتری کی ضرورت ہے جب تک درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی ہو گی پاکستانی کرنسی پر دباو برقرار رہے گا اور روپیہ ڈی ویلیو ہوتا رہے گا۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی مندی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 447 پوائنٹس گر گیا جس کے بعد انڈیکس 33 ہزار 742 پوائنٹس پر بند ہوا۔