پاکستان کی 30 فیصد آبادی غربت کی زندگی گزار رہی ہے، آئی ایم ایف

Last Updated On 09 July,2019 03:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی 30 فیصد آبادی غربت کی زندگی گزار رہی ہے، پاکستان کو سماجی و اقتصادی بنیاد پراعداد و شمار مرتب کرنا ہونگے۔

آئی ایم ایف کی بہت سی شرائط میں سے ایک غربت میں کمی لانے کےلیے بھی ہے جس کے لیے آئی ایم ایف نے پاکستان کو کچھ ہدایت اپنی اسٹاف رپورٹ میں جاری کی ہیں۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں غربت کے خاتمے کےلیے سب سے کم کام کیا اسی لیے ملک میں غریب افراد کی آبادی 30فی صد ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غربت میں کمی لائی جاسکتی ہے جس کےلیے سماجی و اقتصادی بنیاد پر اعداد و شمار جون 2020 تک مرتب کرنے ہونگے۔ ان اعدادوشمار کی بنیاد پر احساس پروگرام کے تحت 5 ہزار روپے کی تقسیم بہتر طریقے سے ہوسکے گی۔ ساتھ ہی اکتوبر 2019 تک 60 لاکھ خواتین کے بینک اکاونٹ کھولے جائیں تا کہ بے نظیر سپورٹ پروگرام کی رقم براہ راست انکو مل سکے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ بی آئی ایس پی پروگرام کے تحت لڑکیوں کی تعلیم کوبڑھایا جائے اور طلبا کو 250 روپے کا سہ ماہی وظیفہ دسمبر 2019 سے شروع کیا جائے۔ اس کے علاوہ بی آئی ایس پی پروگرام کے تحت گریجوایشن اور غذائی قلت کی کمی کا پروگرام بھی شروع کیا جائے۔