پاکستانی معیشت کے آئندہ تین سال کیسے رہیں گے، آئی ایم ایف رپورٹ جاری

Last Updated On 11 July,2019 04:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئندہ تین سال پاکستان کی معیشت کے لئے کیسے رہیں گے، عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے سٹاف رپورٹ جاری کر دی۔

آئی ایم ایف کی پاکستان کی معیشت پر تین سالہ پیش گوئی، رواں مالی سال معاشی ترقی کی شرح 2.4 فیصد اور مالی سال 22-2021 میں 4.5 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 13 فیصد اور مالی سال 22-2021 میں مہنگائی کی شرح 6 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال برآمدات 26 ارب 80 کروڑ ڈالر اور مالی سال 22-2021 میں بڑھ کر 31 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ رواں مالی سال درآمدات 51 ارب 72 کروڑ ڈالر اور مالی سال 22-2021 میں بڑھ کر 56 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، اسی طرح رواں مالی سال تجارتی خسارہ 24 ارب ڈالر اور مالی سال 22-2021 میں 25 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال براہ راست بیرونی سرمایا کاری 2 ارب ڈالر اور مالی سال 22-2021 میں 3 ارب ڈالر سے زائد رہنے کا امکان ہے، جبکہ رواں مالی سال ترسیلات زر 22 ارب ڈالر اور مالی سال 22-2021 میں بڑھ کر 24 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ رواں مالی سال سٹیٹ بینک کے ذخائر 11 ارب ڈالر اور مالی سال 22-2021 میں تقریبا 19 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق رواں مالی سال جاری کھاتوں کا خسارہ 6 ارب 69 کروڑ ڈالر اور مالی سال 22-2021 میں 5 ارب ڈالر تک رہنے کا امکان ہے۔