اوپن مارکیٹ: ڈالر ایک روپیہ مہنگا، سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی

Last Updated On 11 July,2019 08:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 61 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں مزید 1 روپے مہنگا ہو گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی امریکی کرنسی مسلسل پرواز کرتی دکھائی گئی، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 61 پیسے بڑھ گئی جس کے بعد مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 158 روپے 49 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔

دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے بڑھ کر 159 روپے 75 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ملکی معیشت کی مستحکم بنیادوں پربحالی تک ڈالرکی موجودہ روش برقرار رہنے کا امکان ہے، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اورصنعتی پہیے کی روانی پاکستانی معیشت میں پائے جانے والے جمود کو توڑنے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں معمولی تیزی دیکھی گئی، 100 انڈیکس میں 35.35 پوائنٹس کی معمولی تیزی دیکھی گئی جس کے بعد حصص مارکیٹ کا انڈیکس 33840.05 سے بڑھ کر 33875.40 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دوسری طرف سونے کی قیمت کو ایک بار پھر پر لگ گئے ہیں، فی تولہ سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے

دنیا نیوز کے مطابق گزشتہ ہفتوں میں سونے کی قیمت میں کمی کے سلسلے کو بریک لگ گئی ہے۔ فی تولہ سونا 17 سو روپے اضافے سے 82 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

10 گرام سونا 1458 روپے مہنگا ہوکر 70 ہزار302 روپے پر پہنچ گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونا 24 ڈالر مہنگا ہو کر 1420 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون کا کہنا ہے کہ ڈالر مہنگا مہنگا اور عالمی مارکیٹ میں سونے کے ریٹ بڑھنے کے باعث سونا مقامی مارکیٹ میں مہنگا ہوا۔