مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم، بھارتی معیشت کا جنازہ نکلنے لگا

Last Updated On 06 August,2019 10:06 pm

نئی دہلی : (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھارتی معیشت کا جنازہ نکلنے لگا، ملک بھر میں سونے کی 10 گرام کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 37550 روپے پر پہنچ گئی ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بھی کھسک رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، ایک روز کے دوران ایک فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، یہ اضافہ چھ سال کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا تھا، آج بھی بھارتی مارکیٹ میں دس گرام سونے کی قیمت میں 580 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد نئی قیمت 37550 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

ماہرین حیران ہیں کہ بھارت دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جو سونے کو زیادہ خریدتا ہے، گزشتہ ماہ بھی حکومت نے سونے پر ڈیوٹی کو بڑھا دیا تھا۔ تاہم اس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد معاشی ماہرین پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

اسی طرح ملک بھر میں ڈالر نے بھی بھارتی روپے کے کس بل نکال دیئے ہیں، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی، مارکیٹ میں ڈالر کی اُڑان سے بھارتی روپیہ ہلکان ہو کر رہ گیا ہے۔ ایک امریکی ڈالر 1 روپے 13 پیسے بڑھ کر 71.72 بھارتی روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ روز بھی قیمت میں 99 پیسے اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمت 70.59 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

دوسری طرف ملک بھر میں اماراتی درہم کی قدر بھی بڑھ گئی ہے، ایک اماراتی درہم 19.24 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

کشمیر پر ایک فیصلے کے بعد بھارتی کرنسی پانچ ماہ کی کم ترین سطح پر دیکھی گئی، ماہرین دعویٰ کر رہے ہیں کہ یہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کا نتیجہ ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے بعد اور وادی میں کشیدہ صورتحال نے بھارتی روپے کے کس بل نکال دیئے ہیں اور سرمایہ کار پیسے لگانے کی بجائے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔