ہندوستان نے 72 سال دھوکا دیا، کشمیری قیادت کو سمجھ آگئی، صدر آزاد کشمیر

Last Updated On 06 August,2019 08:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود نے کہا ہے کہ ہندوستان کے اس عمل سے آج سب سے زیادہ انڈیا نواز کشمیری قیادت کومایوسی ہوئی ہے، آج ان کو احساس ہوا ہے کہ ہندوستان نے 72 سال ان کو دھوکا دیا۔

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہندوستان کے اقدامات پر پاکستانی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پاکستان، کشمیری حکومت اور عوام مقبوضہ وادی کے عوام کے ساتھ ہیں۔ کشمیر ایک مقبوضہ خطہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کشمیر کو تقسیم کرنا اور اس عمل کے ذریعے کشمیری کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انڈیا نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو روند ڈالا ہے۔

صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہندوستان کی اقدامات سے جنگ چھڑنے کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراداد کے مطابق مسئلہ کشمیر کا اصل فریق کشمیری عوام ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ہندوستانی اقدامات کا نوٹس لے۔ پاکستان نے سلامتی کونسل کو تازہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

سردار مسعود کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام سیاسی قوتیں اور ادارے مسئلہ کشمیر کے معاملے پر ایک پیج پر ہیں۔ اپنے دفاع کیلئے پاکستان اور آزاد کشمیر کی عوام متحد ہیں۔
 

Advertisement