بھارتی اقدام، عالمی قوانین، کشمیر اور جمہوریت پر حملہ ہے: بلاول بھٹو

Last Updated On 06 August,2019 06:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کو ختم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی آگ سے کھیل رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں پر ظلم کیا۔ آج کشمیر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند ہے جبکہ کشمیری رہنماؤں کو گرفتار اور نظر بند کر دیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس اہم موقع پر بھی تمام ممبران اسمبلی موجود نہیں، افسوس بجٹ کے وقت اور آج کے اہم سیشن میں ممبران کی تعداد پوری نہیں ہے۔

بھارتی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک قلم کی جنبش سے پنڈورا باکس کھول دیا۔ مقبوضہ کشمیر کی تاریخی حیثیت ختم کرتے ہوئے وہاں مزید فوج کو تعینات کیا جا چکا ہے، اس معاملے پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ بھارتی اقدام، عالمی قوانین، کشمیر اور جمہوریت پر حملہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر ایشوز پر مسلم ممالک کو اکٹھا ہو جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے بغیر کسی حکمت عملی اور منصوبے کے تقریر کی۔ سپیکر صاحب سے درخواست ہے کہ وہ اپنا ہاؤس مکمل کریں، حکومت نے ابھی تک کوئی قانون سازی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کا اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم کی ٹویٹ یا تقریر سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ملک کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی ملک میں نہیں ہیں لیکن ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی چیخ وپکار پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
 

Advertisement