پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس 78 پوائنٹس بڑھ گیا

Last Updated On 24 September,2019 04:50 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 78 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، تیزی کے سبب پورے کاروباری روز 0.25 فیصد کاروبار میں بہتری دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کے برعکس آج 78 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، جس کے بعد حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 31829 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

یاد رہے کہ سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس گزشتہ روز 359.89 پوائنٹس کی مندی کے بعد 31751.21 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، مندی کے باعث 32 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی تھی۔ پورا دن 1.13 فیصد گراوٹ دیکھی گئی تھی۔

آج کاروبار کا آغاز ہی مندی سے ہوا، اور صبح پہلے ہی گھنٹے کے دوران 100 کے قریب پوائنٹس گر گئے، یہ سلسلہ دوپہر دو بجے تک جاری رہا، دوپہر دو بجے کے قریب انڈیکس 31708 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا جس کے بعد انویسٹرز کی طرف سے دلچسپی دکھائی اور کاروبار میں ایک ساتھ ہی 150 کے قریب پوائنٹس بڑھ گئے اور انڈیکس 31892.23 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

اسی دوران انڈیکس میں ایک مرتبہ پھر مندی نے سٹاک مارکیٹ میں ڈیرے ڈالے اور حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 31436.22 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 78 پوائنٹس بڑھ کر گزشتہ کاروباری روز 31751.21 پوائنٹس سے بڑھ 31829.24 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ اس دوران پورے دن 0.25 فیصد کاروباری بہتری دیکھی گئی۔