مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، مظفرآباد، وادی نیلم، جہلم، باغ میں پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
میر پور اور قریبی علاقوں میں تباہی کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ مظفرآباد، وادی نیلم، جہلم، باغ میں پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ زخمیوں کی بڑی تعداد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہے جس میں بچے بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر زخموں سے چور افراد کی زندگی بچانے میں مصروف ہیں۔
معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میرپور میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سیاست سے بالاتر ہو کر زلزلہ متاثرین کی مدد کرنا چاہے، انسانی جانوں کی کوئی قیمت نہیں ہوتی نہ کوئی قیمت ادا کرسکتا ہے۔ آزاد کشمیر حکومت نے چیف سیکرٹری دفتر میں کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ آج میرپور میں اور بھمبر میں عام تعطیل ہے، تمام تعلیمی ادارے 2 روز اور سرکاری دفاتر میں ایک روز کیلئے بند رہیں گے۔
آزاد کشمیر میں گزشتہ روز زلزلے نے قیامت ڈھا دی، زلزلے سے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 26 ہوگئی، 500 سے زائد افراد زخمی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں ایک فوجی جوان بھی شامل ہے۔ گذشتہ روز آنیوالے زلزلے سے میرپور اور جاتلاں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، کئی عمارتیں، مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، سڑکوں میں شگاف، درجنوں گاڑیاں دھنس گئیں اور کئی کھائی میں جا گریں، بجلی کے پول بھی گر گئے۔
مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا، نہر اپر جہلم میں شگاف سے جاتلاں اور میرپور کے درمیان سڑک کا دو کلومیٹر حصہ بہہ گیا، تین پل ٹوٹ گئے۔ جاتلاں میں پل منڈا کے مقام پر نہر کا پل ٹوٹنے سے کئی علاقے زیر آب آئے، زلزلے سے لاہور اور جہلم میں بھی چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے جس میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔