اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 12 فیصد جبکہ ترقی کی شرح 2 اعشاریہ 8 فیصد رہنے کا امکان ہے، ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے پاکستان کی معیشت پر رپورٹ جاری کر دی۔
ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مطابق بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 12 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، غربت میں کمی کے لئے اخراجات میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ زرعی پیداوار میں بھی اضافے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روپیہ اس وقت اپنی اصل قیمت پر ٹریڈ کر رہا ہے، روپے کی کم قیمت کے باعث برآمدات میں اضافے کی توقع ہے جبکہ رواں مالی سال مرکزی بینک کے ذخائر 10 ارب ڈالر تک پہنچنے کا بھی امکان ہے۔ اییشن ڈویلپمنٹ بینک کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کی بدولت معاشی اصلاحات آئے گا اور معاشی عدم استحکام کم ہوگا، مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 7 اعشاریہ 2 فیصد رہنے کا امکان ہے جو کہ گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں 1 اعشاریہ 7 فیصد کم ہے۔
رواں مالی سال غیر ملکی سرمایا کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، جاری کھاتوں کا خسارہ جی ڈی پی کے 2 اعشاریہ 8 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔