ایک ہفتے کے دوران سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 4.4 فیصد بڑھ گیا

Last Updated On 12 October,2019 05:45 pm

کراچی: (دنیان یوز) کاروباری ہفتے کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج چار ماہ کی بلند ترین سطح 34 ہزار 475 پوائنٹس پر بند ہونے میں کامیاب رہی جبکہ ڈالر کے مقابلے روپیہ کی قدر میں 47 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث انڈیکس 4 اعشاریہ 4 فیصد بڑھ گیا۔ ایف اے ٹی ایف سے متعلق اچھی خبر کی اُمید کے باعث سرمایا کاروں نے بڑھ چڑھ کر حصص کی خریداری کی۔

یہی وجہ ہے کہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر 1442 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور مارکیٹ 34 ہزار 475 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی، پورے ہفتے شیئرز کی مالیت میں کُل 218 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ اس عرصے میں بیرونی سرمایا کاروں نے 41 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز فروخت کیے۔

دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران امریکی کرنسی کی طلب میں کمی ریکارڈ کی گئی، انٹر بینک میں ڈالر 47 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 6 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 30 پیسے پر فروخت ہوا۔