کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 100 سے زائد افراد کے قاتل عبدالسلام کو پیش کیا گیا، عدالت نے ملزم کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ ایم کیوایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔
عدالت میں سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزم کو دھماکہ خیز مواد اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، سانحہ 11 مئی سمیت 100 سے زائد قتل کی تفتیش کرنی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم کے خلاف 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔ یاد رہے کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کراچی میں کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔