کراچی: (دنیا نیوز) فیصل واوڈا کی جانب سے میئر کراچی کو کرپٹ کہنے کے بیان پر وسیم اختر برہم ہوگئے، وفاقی حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دے دی۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اپنے وزیر کو لگام دیں، فیصل واوڈا کو سیاست نہیں آتی، وہ ان گائیڈڈ میزائل ہیں۔
مئیر کراچی وسیم اختر نے کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام بڑی مشکل میں ہے، اداروں کو کہتا ہوں کراچی کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل واوڈا نہ سمجھ سیاست دان ہیں، فیصل واوڈا نے سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے ایسا بیان دیا ہے ان کو برداشت نہیں ہو رہا ہے کہ میئر کراچی، گورنر سندھ اور علی زیدی ملکر کراچی کا کچرا صاف کر رہے ہیں۔
وسیم اختر نے مزار کی سیکیورٹی اور دیگر امور پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پولیس، رینجرز ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا گیا۔