لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منانے کا اعلان کر دیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے مختلف تقریبات ہو رہی ہیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پوری قوم کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کر رہی ہے، کشمیر میں مواصلاتی نظام بند اور عالمی صحافیوں پر پابندی ہے، وزیراعظم بھی آئندہ ہفتے قوم سے خطاب کریں گے۔
قبل ازیں فردوس عاشق اعوان نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا مودی سرکار مسلمانوں کی نسل کشی کے در پے، ان کے لئے کشمیری آسان شکار ہے، بھارت جنگ چاہتا ہے تو 22 کروڑ عوام فوج کے شانہ بشانہ ہے، سر زمین کی حفاظت کرنا ذمہ داری ہے۔
ادھر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا نئے اراکین الیکشن کمیشن کی تقرری آئینی طریقہ کار کے تحت کی گئی، آئین کے تحت چیف الیکشن کمشنر حلف لینے سے انکار نہیں کرسکتے، دونوں اراکین دیانتدار اور قانون کے ماہر سمجھے جاتے ہیں، ملک کی تمام بار ایسوسی ایشنز اور کونسلز نے تقرریوں کی حمایت کی۔