کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر پانی کا مسئلہ حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے سندھ کے صوبائی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم سے بجٹ منظور کرالیا، عمران خان مسائل کا حل چاہتے ہیں، ہمیں کریڈٹ نہیں چاہیئے، سندھ حکومت کیساتھ مل کر پانی کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں، پاکستان اور سندھ ہم سب کا ہے، سیاسی نظریات مختلف ہوسکتے ہیں لیکن ملکی مفاد میں ہم ایک ہیں، وزیراعظم سندھ سے متعلق بہت فکر مند ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے ہماری تجویز کو سراہا ہے، ہم میں سیاسی تعصب نہیں ہے۔
سہیل انور سیال کا کہنا تھا ملکی مفاد کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ ہیں، ہمارے کچھ تحفظات ہیں جنہیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، وفاق نے پانی کے مسئلے پر ہمارے موقف کو تسلیم کرلیا۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا ساتھ لے کر چلنے کاعمل مزید بڑھنا چاہیئے، فیصل واوڈا کی کاوش خوش آئند ہے، فیصل واوڈا اپنے ساتھی وزرا کو بھی اسی طرح کام کی تلقین کریں، دیگر وفاقی ادارے بھی اسی طرح کام کریں تو بہتر ہوگا، ہمارا مقصد لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنا پڑے گا، کچرا ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنا کراچی کی خدمت نہیں۔