مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے بازاروں میں مہنگائی کا طوفان آ گیا، مہنگائی کے ستائے افراد دہائیاں دے رہے ہیں تو پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی نرخ ناموں پر عملدرآمد میں ناکام نظر آتی ہیں۔
آزاد کشمیر میں سبزیوں کی قیمتوں میں عدم توازن اور روز بروز بڑھتی مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، وفاق میں تبدیلی کے نعرے کو لے کر اقتدار میں آنے والی جماعت کے مہنگائی کے خاتمے کے دعووں کے برعکس روز بروز قیمتوں میں اضافے پر خریدار تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے دور دراز دیہی علاقے تو درکنار انتظامی ادارے دارلحکومت مظفرآباد کے بازاروں میں جاری کردہ نرخ ناموں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ ریٹ لسٹوں کے برخلاف شہر کے بازاروں میں ٹماٹر ڈیڑھ سو، پیاز اور کدو 90، کھیرا 90 اور لہسن 300 روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔