لندن: (روزنامہ دنیا) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹروں میں بھارتی فوج کی شہری آبادی پر وحشیانہ گولہ باری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے دشمن کی بزدلانہ حرکت قرار دیا ہے۔
لندن سے جاری بیان میں صدر آزاد کشمیر نے بھارتکے اس وحشیانہ اقدام کو غیر اعلانیہ جنگ قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم ایک عرصہ سے تسلسل کے ساتھ یہ بات کہہ رہے ہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو اپنی کالونی قرار دینے کے بعد اپنا ہدف آزاد کشمیر پر حملہ کو قرار د ے چکا ہے ۔ ہفتہ اور اتوار کی رات بھارت کی طرف سے دور مار آرٹلری گنوں سے حملہ ایک کھلی جارحیت ہے جس کا موثر جواب دینے کے علاوہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو سخت نوٹس لینا چاہیے ،اُنہوں نے آزاد کشمیر کا دفاع کرنے والی افواج پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُنہیں یقین دلایا کہ آزاد ریاست کا بچہ بچہ دفاع وطن اور دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر جان کی بازی لگانے لیے تیار ہے ۔ قبل ازیں برسٹل میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا بھارت کے بد ترین مظالم اور فسطائی ہتھکنڈوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد کو ترک کریں گے نہ ہی بھارتی غلامی کو قبول کریں گے ۔