مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ تین روز سے وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش کے ساتھ پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے، حسیں موسم کا لطف اٹھانے سیاحوں کی بڑی تعداد بھی کشمیر کی ان حسین وادیوں کا رخ کر رہی ہے۔
مظفرآباد میں گزشتہ تین روز سے بارش کے ساتھ بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے، بادلوں کی اوٹ سے سورج کی اٹھکیلیاں بھی جاری ہیں جبکہ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا ہے۔
موسم کی پہلی برف سے ڈھکے پہاڑوں اور چہار جانب قدرتی حسن میں گہری وادیوں کا نظارہ کرنے سیاح بھی تفریحی مقامات کا رخ کررہے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر مزید برف باری کا امکان ہے۔