فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں صارفین کو سستے داموں اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کے دعوے ہوا ہو گئے۔ سستے ماڈل بازاروں میں ڈی سی ریٹ پر چند اشیا دستیاب ہونے پر شہری برہم ہیں۔
حالیہ دنوں میں آنے والی مہنگائی کی لہر میں پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اشیاء کی سرکاری ریٹ پر صارفین تک رسائی ممکن بنانے میں ناکام ہوئیں تو شہریوں کے ریلیف کے لیے فیصل آباد میں چار ماڈل بازار اور 24 میگا سٹور پر فئیر پرائس کاونٹرز لگائے گئے۔
ماڈل بازاروں میں دو سٹالز پر صرف آٹا، چاول، دالیں دستیاب ہیں جبکہ سبزیوں میں آلو، پیاز اور ٹماٹر ہی رکھنا انتظامیہ نے غنیمت جانا، شہری سستے ماڈل بازاروں میں ساری بنیادی ضرورت کی اشیاء نہ ہونے کا شکوہ کرتے دکھائی دیئے۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی دعوی کرتے دکھائی دیئے کہ سستے ماڈل بازاروں میں مہیا کی جانے والی اشیائے خورونوش ڈی سی ریٹ سے بھی کم نرخوں میں فروخت کی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران کا کہنا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔