لاہور: (دنیا نیوز) سبزی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار، ٹماٹر ایک ماہ پرانی قیمت پر واپس آ گئے۔ پیاز اور آلو کی قیمت میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
مہنگا ٹماٹر، بالآخر گھٹنے ٹیکنے لگا۔ ریٹ لسٹ میں ٹماٹر کی قیمت 135 روپے کلو پر آ گئی، ٹماٹر کی سرکاری قیمت ایک ماہ میں 210 روپے کلو تک پہنچنے کے بعد 135 روپے پر واپس آئی ہے۔
عام مارکیٹ میں ابھی ٹماٹر ریٹ لسٹ کے مطابق تو دستیاب نہیں تاہم دکانوں پر 160 روپے کلو تک مل ہی جاتا ہے، پیاز کی قیمت میں بھی معمولی کمی ہوئی اور 75 روپے کلو پر چند روز قبضہ جمائے رکھنے کے بعد ریٹ لسٹ میں2 روپے کمی سے 73 روپے پر آگیا۔ لیکن مارکیٹ میں پیاز 100روپے سے کم بکنے کو تیار نہیں، آلو کی قیمت میں بھی 3 روپے کی کمی، ریٹ لسٹ میں 42 اور دکان پر 60 روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
عوام کہتے ہیں کہ مہنگائی نے ایسا جھنجھوڑا ہے کہ اب تو معمولی کمی بھی غنیمت لگتی ہے لیکن لگتا ہے کہ قیمتوں کو معمول پر آنے میں ابھی وقت لگے گا۔ سبز مرچ بدستور 200 روپے، شملہ مرچ 250 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، بھنڈی 120روپے کلو اور کریلے 80روپے کلو میں دستیاب ہیں تاہم مولی 30 اور گاجر 60روپے کلو میں بک رہی ہے۔