فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے یوٹیلٹی اسٹورز کو حکومت کی جانب سے ملنے والا 6 ارب روپے کا خصوصی سبسڈی پیکج بھی صورتحال نہ تبدیل کر سکا۔ شہریوں کو اشیا کی فراہمی میں کمی کے سبب مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔
فیصل آباد میں شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے بنائے گئے یوٹیلٹی اسٹورز بدحالی کا شکار بن گئے۔ حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا 6 ارب روپے کا خصوصی سبسڈی پیکج بھی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی قسمت نہ بدل سکا۔ آٹے، چینی، گھی، دالیں، کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیاء خورونوش اور ضروریات زندگی کا فقدان شہریوں کیلئے مسائل کا باعث بن گیا۔
اشیاء کے فقدان کی وجہ سے شہری اوپن مارکیٹوں سے مہنگے داموں خریداری پر مجبور ہیں۔ معاملے پر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ورکرز یونین کے سینئر وائس چئیرمین شہاب الدین کہتے ہیں کہ حکام کو مسائل سے متعلق آگاہ کیا جا چکا ہے، سامان کی سپلائی یقینی بنانا ریجنل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ خصوصی سبسڈی پیکج کے ثمرات سے فیصل آباد کے شہری بھی مستفید ہوسکیں۔