اسلام آباد: (سید قیصر شاہ ) مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا، پچھلے برس بھی تبدیلی کے ثمرات عام شہریوں تک نہیں پہنچ سکے، اب بھی متوسط اور سفید پوش طبقہ مہنگائی کے ہاتھوں شدید اضطراب کا شکار ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی 28 بنیادی اشیا کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ہفت روزہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح 19.8 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق 30 ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں کیلئے قیمتوں میں اوسطاً 22.5 فیصد اضافہ ہوا جو پچھلے 12 سال کی بلند ترین شرح ہے، تین ماہ گزرنے اور ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کے باوجود ابھی تک 140 روپے کلو فروخت کئے جا رہے ہیں۔
ایک ہفتے میں ٹماٹر 35 روپے فی کلو پھر مہنگا ہوگیا، ہفتے کے دوران مارکیٹ میں ٹماٹر، لہسن، گھی، چینی، آٹے، دودھ، تمام دالوں، انڈے، کیلے، خشک دودھ اور مٹن کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔