فیصل آباد: تجاوزات کے باعث شہر کی شاہراہوں اور گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازاروں کا حسن گہنا گیا

Last Updated On 13 January,2020 09:08 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کے احکامات ٹھس، مافیا کی من مانیاں جاری۔ فیصل آباد میں تجاوزات کے باعث شہر کی شاہراہوں اور گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازاروں کا حسن گہنا گیا۔ شہری مشکلات سے دوچار ہونے لگے۔

چوک گھنٹہ گھر شہر کا مصروف تجارتی مرکز ہے، اس کے آٹھ بازار جہاں شہرکی شناخت ہیں۔ وہیں اس کا حسن بھی لیکن ان بازاروں میں آج کل قبضہ مافیا کا راج ہے جن کی دھونس اور دھاندلی کی وجہ سے پورا بازار ہی تجاوزات کی نذر ہو کر رہ گیا ہے۔

پیدل چلنے والوں کیلئے فٹ پاتھ تو بنائے گئے ہیں لیکن ان پر بھی مافیا براجمان ہے، یہی نہیں پارکنگ کے مسائل بھی سب کے سامنے ہیں۔ ٹریفک کا گزرنا تو دور پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے جبکہ شہری اس اذیت سے حقیقی معنوں میں اب چھٹکارہ چاہتے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اورمیٹروپولیٹن میونسپل کارپوریشن کی جانب سے گھنٹہ گھر کے اطراف کے بازاروں اور شہر کی مین شاہراہوں سمیت سروسز روڈز پر تجاوزات مافیا کے خلاف وقتی ایکشن تو ہوتے نظر آئے لیکن پنجاب حکومت کے احکامات کے باوجود بھی دیر پا حل نہیں نکل سکا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی دعوی کرتے دکھائی دئیے کہ اب کی بارتجاوزات مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاون ہو گا۔

تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی سمیت حادثات اور پیدل چلنے والے افراد کی مشکلات کم کرنے کے لیے پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ تاحال سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھا سکی جو لمحہ فکریہ ہے۔