لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے دوران بڑی مندی دیکھی گئی، مندی کے باعث انڈیکس 272.56 پوائنٹس گر گیا جبکہ مزید 3 حدیں گر گئیں۔
تفصیلات کے مطابق رواں پورے ہفتے کے دوران مندی نے سٹاک مارکیٹ کو جکڑے رکھا، کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران ایک مرتبہ پھر 93.79 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔دوسرے روز 240 پوائنٹس گرے، تیسرے روز کے دوران انڈیکس 400 پوائنٹس گرا جبکہ چوتھے روز کے دوران صرف چار پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی، تاہم کاروباری آخری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر 272.56 پوائنٹس کی مندی آئی۔
رواں پورے ہفتے کے دوران حصص مارکیٹ میں 1002.35 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی، جس کے باعث سٹاک مارکیٹ پر تاحال غیر یقینی صورتحال کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔
آج کاروبار کا آغاز کچھ معمولی تیزی کے ساتھ ہوا تو ایک موقع پر انڈیکس کی 42 ہزار کی نفسیاتی حد عبور ہو گئی تھی اور کاروبار کے پہلے دوگھنٹوں کے دوران انڈیکس 42137.40 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
تاہم اس کےبعد مندی نے پاکستان سٹاک مارکیٹ کو جکڑ لیا، جمعہ کی نماز سے قبل وقفے کے دوران انڈیکس 41896.99 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
نماز جمعہ کے وقفے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سیاسی غیر یقینی صورتحال کے اثرات مرتب ہوئے اور انڈیکس ایک موقع پر 41558.74 پوائنٹس کی نچلی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 272.56 پوائنٹس کی مندی کے بعد 41630.94 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس کی مزید 3 حدیں گر گئیں۔ گرنے والی حدوں میں 41700، 41800، 41900 کی حدیں شامل ہیں۔
پورے کاروباری روز کے دوران 0.65 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی، ٹریڈنگ کے دوران انویسٹرز نے شیئرز کی خریدو فروخت کو زیادہ ترجیح دی۔ جبکہ آج کاروبار کے دوران 14 کروڑ 3 لاکھ38 ہزار اور 800 شیئرز کا لین دین ہوا۔ ان شیئرز کی مالیت 6 ارب 38 کروڑ 7 لاکھ 57 ہزار 998 روپے بنتی ہے۔