اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے ڈیٹ پالیسی سٹیٹمنٹ 2019-20 جاری کر دی، حکومت نے 15 ماہ میں قرضوں میں 11 ہزار 610 ارب روپے اضافے کا اعتراف کرلیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق قرضوں میں اضافہ یکم جولائی 2018 سے 30 ستمبر 2019 کے دوران ہوا، قرضے اور واجبات معیشت کے 94 اعشاریہ 3 فیصد تک پہنچ گئے، 15 ماہ میں حکومتی قرضوں میں 9 ہزار 288 ارب، مقامی حکومتی قرضوں میں 6 ہزار 234 ارب جبکہ غیر ملکی حکومتی قرضوں میں 2 ہزار 802 ارب روپے اضافہ ہوا۔
وزارت خزانہ کے مطابق 30 ستمبر 2019 تک قرضوں کا مجموعی بوجھ 41 ہزار 489 ارب روپے ہو گیا، 30 جون 2018 کو ملک پر قرضوں کا بوجھ 29 ہزار 879 ارب روپے تھا، 30 ستمبر 2019 تک حکومتی قرضے 34 ہزار 241 ارب روپے ہو گئے، 30 جون 2018 کو حکومتی قرضے 24 ہزار 953 ارب روپے تھے۔