کراچی: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ 1487 پوائنٹس گرگئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کے 276 ارب روپے ڈوب گئے جبکہ انٹر بینک میں ڈالر 9 پیسے سستا ہوا۔
جنوری میں مہنگائی کی شرح میں اضافے سے سرمایہ کاروں کی شرح سود میں کمی کی اُمیدیں دم توڑ گئیں، یہی وجہ ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں حصص فروخت کرنے والوں کا پلڑا بھاری رہا، ایک ہفتے کے دوارن جہاں مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ بیرونی سرمایہ کاروں نے بھی ایک کروڑ 41 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز فروخت کر دیئے۔
یہی وجہ ہے کہ سٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پر 1487 پوائنٹس کمی کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار 143 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ سٹاک مارکیٹ میں ہونے والی مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے 276 ارب روپے ڈوب گئے۔
دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر 9 پیسے کمی کے بعد 154 روپے 38 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 10 پیسے کمی کے بعد 154 روپے 60 پیسے پر فروخت ہوئی۔