کراچی: (دنیا نیوز) رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں بیرونی قرضوں میں مزید چار ارب ڈالر کا اضافہ ہوگیا، اسٹیٹ بینک کے مطابق کُل غیرملکی قرضوں کا حجم ایک سو گیارہ ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
ماضی میں لئے گئے قرضوں کی واپسی حکومت کے لئے چیلنج بنی ہوئی ہے، خسارے کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کے باوجود قرض و سود کی ادائیگیاں چکانے لئے حکومت کو دوسرے قرضوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے چھ ماہ میں بیرونی قرضے 4 ارب 69 کروڑ ڈالر اضافے سے 111 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جبکہ ستمبر 2018 تک بیرونی قرضوں کا حجم 96 ارب 11 کروڑ ڈالر تھا۔ موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار میں اب تک بیرونی قرضوں میں 14 ارب 96 کروڑ ڈالر کا اضافہ کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کو بیرونی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے ہر صورت میں برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔