کراچی: (دنیا نیوز) کپاس کی پیداوار میں کمی کے باعث درآمدات میں اضافہ ہو گیا، ادارہ شماریات کے مطابق سات ماہ میں 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کی کپاس درآمد ہوئی۔
رواں سیزن میں اب تک کپاس کی پیداوارمیں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، پاکستان کاٹن جنرز ایسو سی ایشن کے مطابق اب تک جننگ فیکٹریوں میں 85 لاکھ ٹن کاٹن بیلز تیار کی گئی ہیں جبکہ گذشتہ سال 1 کروڑ 7 لاکھ کاٹن بیلرز تیار ہوئیں تھیں۔
ٹیکسٹائل ملرز کی جانب سے کاٹن کی طلب بڑھ جانے سے اس کی درآمدات میں اضافے کا رجحان ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے جنوری کے دوران کپاس کی درآمدات 57 فیصد اضافے سے 1 لاکھ 17 ہزار ٹن رہی جس کی مالیت 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔
زرعی ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، ایسی صورتحال میں حکومت کو دنیا کے بہترین زرعی ماہرین کی خدمات لینے کی ضرورت ہے جو کاشتکاروں کو بوائی کے درست وقت کے تعین اور بیج کے انتخاب میں مدد فراہم کریں۔