افتخار احمد اینڈ کمپنی نے کراچی کی سبزی منڈی میں سینیٹائزنگ گیٹ نصب کر دیا

Last Updated On 09 April,2020 07:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) افتخار احمد اینڈ کمپنی کمپنی نے کورونا وائرس کی تعداد بڑھنے کے بعد کراچی کی سبزی منڈی میں سینیٹائزنگ گیٹ نصب کردیا۔ایک گھنٹہ میں دو ہزار سے زائد مزدوروں کو کورونا سے محفوظ بنانے کے لیے کلورین سپرے سے گزارا جائے گا۔

افتخار احمد اینڈ کمپنی نے اپنی سماجی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے ملک کی سب سے بڑی کراچی سبزی منڈی میں کورونا وائرس کی روک تھام کے کے جراثیم کش سپرے کرنیو الا سینیٹائزنگ گیٹ نصب کردیا ہے۔ سینٹائزر گیٹ افتخار احمد اینڈ کمپنی کی انجینئرنگ ٹیم نے تیار کیا ہے جو سبزی منڈی کے فروٹ سیکشن کے داخلی دروازے پر نصب کردیا گیا ہے۔ سینیٹائزر گیٹ کی تنصیب سے سبزی منڈی کے ہزاروں مزدوروں کو کرونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

افتخار احمد اینڈ کمپنی کے ڈائریکٹر اور پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق ملک میں کورونا کی وباء سے جنگ میں ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سبزی منڈی میں ہزاروں مزدور اور تاجر آتے ہیں اور منڈی کی سرگرمیاں حفاظتی انتظامات کے ساتھ جاری رکھنا کھانے پینے کی اشیاء کی ترسیل کو برقرار رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔

اس مقصد کے لیے افتخار احمد اینڈ کمپنی نے اپنی سماجی ذمہ داری ادار کرتے ہوئے سبزی منڈی میں عطیہ کے طور پر دو سینیٹائزنگ گیٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا، ایک گیٹ فروٹ سیکشن کے داخلی دروازے پر نصب کردیا گیا ہے جبکہ دوسرا گیٹ بھی چند روز میں سبزی منڈی کے ویجیٹیبل سیکشن کے دروازے پر نصب کیا جائے گا۔

وحید احمد نے بتایا کہ سینیٹائزنگ گیٹ سے ایک منٹ میں چالیس افراد مناسب فاصلہ رکھتے ہوئے گزر کر خود کو محفوظ بناسکتے ہیں اس طرح ایک گھنٹہ میں دو ہزار سے زائد افراد جراثیم کش اسپرے گیٹ سے گزرکر خود کو اور منڈی کو محفوظ بناسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپرے گیٹ کے ساتھ ایک ہزار لیٹر گنجائش کا ٹینک، موٹر اور الیکٹرک کنٹرولر منسلک ہے۔ کورونا وائرس کے خدشہ کو ختم کرنے کے لیے پانی کے ساتھ کلورین شامل کرکے سپرے کیا جارہا ہے جو انسانی صحت کے لیے محفوظ اور کورونا کے تدارک کے لیے سب سے موثر محلول ہے۔

افتخار احمد اینڈ کمپنی نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سینٹائزنگ گیٹ کا ڈیزائن اور تکنیک عام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ افتخار احمد اینڈ کمپنی کی انجینئرنگ ٹیم سینیٹائزنگ گیٹ تیار کرنے میں رہنمائی فراہم کرے گی۔

افتخار احمد اینڈ کمپنی کی ویب سائٹ پر گیٹ کا ڈیزائن اور دیگر تکنیکی معلومات بھی مہیا کی جائیں گی۔ کمپنی پبلک مقامات پر اس طرز کے گیٹ نصب کرنے میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے علاوہ انتظامیہ اور اتھارٹیز کو بھی معاونت فراہم کریگی۔
 

Advertisement