لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران بھی اُتار چڑھاؤ کے بعد تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 87 پوائنٹس بڑھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام 1000.22 پوائنٹس کی مندی پر ہوا تھا، جس کے بعد 100 انڈیکس 31032.99 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا جبکہ سرمایہ کاروں کے لگ بھگ 150 ارب روپے ڈوب گئے تھے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران کاروبار کا اختتام 189.75 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا تھا، جس کے بعد انڈیکس 31222.74 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.61 فیصد کی بہتری دیکھی گئی تھی اور 10 کروڑ 55 لاکھ 96 ہزار 411 شیئرز کا لین دین ہوا تھا۔
تیسرے کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 19.45 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 31242.19 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.06 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی تھی اور 14 کروڑ 54 لاکھ 28 ہزار 820 شیئرز کا لین دین ہوا تھا۔
آج چوتھے کاروباری روز کے دوران بھی گزشتہ روز کی طرح اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، کاروبار کے آغاز کے موقع پر غیر یقینی کے بادل چھائے رہے جس کے بعد پہلے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران 212.05 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی اور انڈیکس 31030.14 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا۔
تاہم اس کے بعد تھوڑی دیر بعد اس تنزلی سے چھٹکارا ملا اور انڈیکس میں 400 سے زائد پوائنٹس ریکور ہوئے اور انڈیکس میں 160.17 پوائنٹس کی تیزی کے بعد انڈیکس 31402.36 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔ دورانِ ٹریڈنگ ایک موقع پر انڈیکس 31447.22 پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا۔
اُتار چڑھاؤ کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 87.27 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 31329.46 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.28 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 9 کروڑ 52 لاکھ 49 ہزار 563 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو چار ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔