کراچی: (دنیا نیوز) حکومت نے کسانوں اور پولٹری فارمرز کے لئے کُل 53 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا منصوبہ بنا لیا۔
تفصیلات کے مطابق زرعی پیداوار میں اضافے اور کسانوں کی مالی حالت بہتر کرنے کے لئے حکومت خریف سیزن میں کھاد پر 37 ارب روپے کی سبسیڈی دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی اے پی کھاد پر 925 روپے فی بوری جبکہ یوریا کھاد پر 234 روپے فی بوری سبسڈی دیے جانے کا امکان ہے۔
کاشتکاروں کے لئے شرح سود میں کمی کا بھی امکان ہے، جس میں شرح سود کو10 فیصد تک لائے جانے کا امکان ہے جو اس وقت 18 فیصد ہے جس سے کسانوں کو لگ بھگ 9 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔
حکومت کپاس کے بیج کم قیمت پر فروخت کرنے پر بھی غور کر رہی ہے اس مقصد کے لئے 2 ارب 30 کروڑ روپے کی سبسیڈی دیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب شادی ہالز کی بندش کے باعث پولٹری کا کاروبار کرنے والوں کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ حکومت اس مقصد کے لئے پولٹری فارمرز کے قرضوں کو ایک سال کے لئے موخرکرنے کا اردہ رکھتی ہے اور اس شعبے کو 4 ارب 70 کروڑ روپے کی سبسڈی دیے جانے کا امکان ہے۔