وزیراعلی پنجاب کا ڈاکٹرز کی تنخواہوں سے کورونا ریلیف فنڈ کیلئے کٹوتی واپس کرنے کا حکم

Last Updated On 30 April,2020 02:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب نے ڈاکٹرز کی تنخواہوں سے کورونا ریلیف فنڈ کے لیے کٹوتی کا نوٹس لے لیا،‏ سردار عثمان بزدار نے ڈاکٹروں کی تنخواہوں سے کٹوتی واپس کرنے اور ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے تنخواہ کے برابر الاونس کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈاکٹروں کی تنخواہ سے دو دن کی کٹوتی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ڈاکٹرز فرنٹ لائن پر کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی تنخواہ سے قطعی طور کٹوتی نہیں کی جائے گی، حکومت پنجاب کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ‏یکم اپریل سے فرنٹ لائن طبی ورکرز کو کورونا ڈیوٹی پر ڈبل تنخواہ ملنی ہے۔

‏وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ہیلتھ کیئر پروفیشنلز سمیت فرنٹ لائن ورکرز کو یکم اپریل سے (جب تک ڈیوٹی جاری رہے گی) ڈبل تنخواہ ملتی رہے گی،‏ اس کے علاوہ فرنٹ لائن ورکرز کے لیے 40 لاکھ سے 80 لاکھ تک کے شہید پیکج، لائف انشورنس کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔