لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بعض زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کے ناقص معیار پر شدید اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود ٹیمیں بھیج کر خفیہ طور پر جائزہ لے رہے ہیں۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں انھیں ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سمیت دیگر حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بعض زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کے ناقص معیار پر شدید اظہار برہمی کیا اور تصویریں دکھا کر متعلقہ حکام کو لاجواب کردیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام سے باز پرس کی جبکہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو موقع پر جانے کا حکم دے دیا۔ ان کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ افسران خود جا کر موقع پر ترقیاتی منصوبوں کا بغور جائزہ لیں۔ کیسے ممکن ہے کہ سڑک ایک دن بنے اور اگلے دن ٹوٹی ہوئی نظر آئے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وہ خود ٹیمیں بھیج کر ترقیاتی منصوبوں کا خفیہ طورپر جائزہ لے رہے ہیں۔ جو افسر کام کرے گا، اسے انعام بھی دیں گے تاہم کام نہ کرنے والا بالکل برداشت نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ تساہل، کوتاہی اور کرپشن قطعاً برداشت نہیں، سرکار کی پائی پائی کے امین ہیں، گھپلے نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے بارے میں تصدیقی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔