کورونا: بزدار حکومت نے بزنس و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا پلان تیار کرلیا

Last Updated On 27 April,2020 02:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بزدار حکومت نے کورونا وباء کے تناظر میں نئی ترقیاتی، بزنس و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا پلان تیار کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے رائز پنجاب کے نام سے ابتدائی فریم و رک کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے رائز پنجاب کے فریم ورک کی دستاویز وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کی۔ سردار عثمان بزدار نے رائز پنجاب کے نام سے ابتدائی فریم ورک کی منظوری دیتے ہوئے دستاویز کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پہلا صوبہ ہے جس نے کورونا وباء کے پیش نظر بدلتی صورتحال کے تناظر میں رائز پنجاب کا پلان مرتب کیا ہے، صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، بزنس کے فروغ اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نئی سوچ کے ساتھ نئے اقدامات کیے جائیں گے، رائز پنجاب کے تحت صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کیلئے بھی منفرد لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ سوشل پروٹیکشن فنڈ کے قیام کی تجویز کا جائزہ لے کر جلد رپورٹ پیش کی جائے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نجی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

خیال رہے اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری پنجاب منصوبہ بندی و ترقیات نے بھی شرکت کی۔