لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کے نام خط لکھ دیا۔ انہوں نے کہا عوامی نمائندے اپنے اضلاع میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں، ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف کارروائی کی مانیٹرنگ کریں۔
سردار عثمان بزدار نے خط میں کہا انسداد ڈینگی اور کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے اقدامات کی خود نگرانی کریں، ہسپتالوں کا دورہ کر کے مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولتوں کا بھی جائزہ لیں، عوام کی مشکلات کے تدارک اوران کے مسائل کے حل میں آپ بھرپور کردار ادا کریں، مشکل کا یہ وقت جلد گزر جائے گا، دوسروں کا دکھ درد بانٹنے والے اور ضروریات کو پورا کرنے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خط میں مزید کہا کورونا وائرس کی وجہ سے وطن عزیز کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے، پنجاب حکومت نے کورونا کی روک تھام کیلئے ہر سطح پر موثر اقدامات کئے ہیں، کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کی مانیٹرنگ میں آپ کا کردار خصوصی اہمیت رکھتا ہے، امید ہے اراکین قومی اسمبلی اپنی تمام تر کوششیں کورونا سے نمٹنے کیلئے بروئے کار لائیں گے، مشترکہ کاوشوں اور اجتماعی حکمت عملی سے اس مرض پر جلد قابو پانے میں مدد ملے گی۔