وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مالی دشواریوں کا سامنا کرنے والے وکلا کیلئے 10 کروڑ روپے امدادی چیک

Last Updated On 28 April,2020 07:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے صوبہ بھر میں مالی دشواریوں کا سامنا کرنے والے وکلا کے لئے 10کروڑ روپے امدادی رقم کا چیک دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر طاہر نصر اللہ وڑرائچ اور دیگر عہدیداروں کو وزیراعلیٰ آفس میں 10 کروڑ روپے کا چیک دیا۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سردار عثمان بزدار بار کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن کے ذریعے صوبہ بھر میں مالی دشواریوں کا سامنا کرنے والے وکلا کو مالی امداد دی جائے گی۔ وکلا برادری کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے، حکومت انھیں ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کا واحد علاج سماجی دوری ہے۔ وکلا برادری کورونا سے بچاؤ کو یقینی بنانے کے لئے عوامی شعور اور آگاہی کی بیداری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر کے وکلا کے لئے دیگر سہولتیں بھی فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ دور دراز شہروں سے آنے والے وکلا کی سہولت کیلئے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ قیام گاہ بنائی جائے گی۔ وکلا ٹاور کے لئے موزوں جگہ کا انتخاب کرکے جلد کارروائی شروع کی جائے۔

وکلا عہدیداروں نے وزیراعلیٰ کے اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کڑے وقت میں مدد کا جذبہ خوش آئند ہے۔ عثمان بزدار نے ہمیشہ وکلا کے مسائل کے حل کو مقدم جانا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن طاہر نصر اللہ وڑرائچ اور نائب صدر پنجاب بار کونسل لالہ محمد اکرم خاکسار، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل مہر فیاض، عمیر خان نیازی، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل انیس ہاشمی، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شان گل شامل تھے۔