لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے دوران بھی تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس میں 319.23 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد 100 انڈیکس میں 16.10 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی اور انڈیکس 32283.79 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسرے کاروباری روز کے دوران سرمایہ کاروں نے دلچسپی دکھائی جس کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی، کاروبار کا آغاز ہی تیزی سے ہوا، پہلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں 240 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 33524 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں تیزی کا تسلسل دیکھنے کو ملتا رہا، ایک موقع پر 100 انڈیکس 33628.37 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 319.23 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 33603.02 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.96 فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔
تیزی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مزید 4 حدیں بحال ہوئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 33300، 33400، 33500، 33600 کی حدیں شامل ہیں جبکہ 14 کروڑ 93 لاکھ 17 ہزار 224 شیئرز کا لین دین ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل دیکھنے کو مل سکتا ہے، کیونکہ ممکنہ طور پر اطلاعات ہیں کہ رواں ماہ کے دوران ایک مرتبہ پھر شرح سود میں کمی کی جائے گی جس کے باعث سرمایہ کاروں نے ٹریڈنگ میں دلچسپی لینا شروع کی ہوئی ہے۔