پاکستان کرکٹ‌ بورڈ نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

Last Updated On 13 May,2020 03:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینٹرل کنٹریکٹ میں قومی کرکٹرز کے نام فائنل ہو گئے، چیئرمین احسان مانی کی منظوری کے بعد ناموں کا اعلان کر دیا گیا. اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے اور بابر اعظم ون ڈے ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

لاک ڈاؤن میں پی سی بی کے قومی کرکٹرز کے لیے بڑے فیصلے، ہیڈ کوچ مصباح الحق نے لسٹ جمع کروائی تو چیئرمین احسان مانی کی حتمی منظوری کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا گیا۔

کھلاڑیوں کی تعداد انیس یا بیس رکھنے اور تین ہی کیٹگریز پر مکمل اتفاق کے بعد اظہر علی، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو اے کیٹگری میں‌ شامل کیا گیا ہے.عابد علی، اسد شفیق، حارث سہیل اور محمد رضوان کو بی کیٹگری دی گئی ہے جبکہ فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق اور عثمان شنواری کو سی کیٹگری میں شامل کئے گئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ نسیم شاہ پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔ عابد علی، محمد رضوان، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی نے سینٹرل کنٹریکٹ کی نئی فہرست میں ترقی پائی ہے جس کا افتخار احمد بھی حصہ ہیں۔ حیدر علی، حارث رؤف اور محمد حسنین کو نئی تشکیل کردہ ایمرجنگ پلیئرز کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔