کراچی: (دنیا نیوز) اسٹیٹ بینک ایک بار پھر مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ شرح سود میں مزید ایک فی صد کمی کی جائیگی۔
کورونا وائرس کے معیشت پر پڑنے والے اثرات سے بچاو کے لیے مرکزی بینک مارچ سے اب تک شرح سود میں 4 عشاریہ 25 فی صد کمی کر کے اسے 9 فی صد پر لاچکا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اسٹیٹ بینک شرح سود میں مزید 1 فی صد کی کمی کریگا تاہم پاکستان بزنس کونسل نے شرح سود میں 2 فی صد کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان بزنس کونسل کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ شرح سود میں واضح کمی سے گرتی معیشت کو سہارا ملے گا۔ شرح سود میں حالیہ کی گئی کمی سے ملک کے قرضوں پر 14 سو ارب روپے تک کا بوجھ کم ہوگیا ہے، ایک فی صد متوقع کمی سے ملکی قرضوں کے بوجھ میں مزید 330ارب روپے کی کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔