کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک نے صنعتوں کیلئے اپنے ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی کے لئے خصوصی رعایتی قرضہ سکیم متعارف کرا دی ہے۔
سکیم کو ‘’ری فنانس فار پیمنٹ آف ویجز اینڈ سیلری ٹو دی ورکرز اینڈ ایمپلائز آف بزنس کنسرنس’’ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ سکیم عارضی طور پر جاری کی گئی ہے۔
سکیم کا مقصد کاروباری اداروں کو ترغیب دینا ہے کہ وہ اس ہنگامی صورتحال میں ملازمین کو برطرف نہ کریں۔ یہ سکیم پاکستان کے تمام کاروباری اداروں کو بینکوں کے توسط سے دستیاب ہوگی۔
اس سکیم میں مستقل، عارضی، کنٹریکٹ ڈیلی ویجز اور آؤٹ سورس ملازم بھی شامل ہونگے۔ جو ادارے اپریل سے جون کے درمیان اپنے ملازمین کو برطرف نہیں کریں گے، وہ اس سکیم سے مستفید ہو سکیں گے۔
اس سکیم پر مارک آپ 5 فیصد ہوگا۔ ایکٹ ٹیکس پیئر لسٹ والوں کے لئے شرح سود 4 فیصد ہوگی۔ اس سکیم میں چھوٹے کاروباری اداروں کو تین ماہ کی تنخواہ 20 کروڑ روپے تک ہے۔
ایسے ادارے جن کی تنخواہوں کا حجم 50 کروڑ روپے ہے وہ 50 فیصد تک فنانسنگ حاصل کر سکیں گے۔ ان قرضوں کے لئے پروسیسنگ فیس، کریڈٹ لیمٹ، پڑی پیمنٹ پینالٹی چارج نہیں ہوگی۔ قرض کی اصل رقم دو سال میں ادا کرنی ہوگی۔ قرض کی مدت میں چھ ماہ کی رعایت بھی ہوگی۔