اسٹیٹ بینک کا صارفین کیلئے قرضوں کی ایک سالہ مؤخر ادائیگی کے ریلیف کا اعلان

Last Updated On 31 March,2020 01:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اسٹیٹ بینک نے صارفین کے لیے ریلیف کا اعلان کر دیا، قرضوں کی ادائیگی ایک سال تک موخر کروا سکیں گے، کریڈٹ ہسٹری بھی متاثر نہیں ہو گی۔

 موجودہ حالات کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے ایسے تمام بینک قرض داروں کو ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے جنہوں نے گاڑی، گھر یا ذاتی خرچ کے لئے بینک سے قرض تو لیا مگر اس کی ادائیگی میں اس وقت مشکلات کا سامنا ہے۔

 قرض ادائیگی کے شیڈیول میں تبدیلی کے لئے صارفین کو بینک میں 30 جون 2020 تک تحریری درخواست جمع کرانا ہو گی، ای میل یا بینک ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ بینک کسی بھی درخواست کو رد کرسکتا ہے مگر اس کے لئے بینک کو وجوہات بتانا ضروری ہوں گی۔ قرضوں کی ری شیڈولنگ کی صورت میں بینک صارف کی کریڈٹ ہسٹری بھی متاثر نہیں ہو گی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق قرض ادائیگی میں ایک سال کی مہلت ملنے والے افراد سے بینک کوئی اضافی فیس تو وصول نہیں کریں گے مگر قرض کی رقم پر بننے والا سود ضرور وصول کر سکتے ہیں۔ اگر کسی قرض دار کی جیب بینک کا سود دینے کے قابل بھی نہیں تو وہ ایک سال کے بعد قرض کے ساتھ سود کی رقم بھی ادا کر سکتا ہے۔ مرکزی بینک کی اس سہولت سے صرف وہی قرض دارفائدہ اٹھا پائیں گے جنہوں نے 31 دسمبر تک باقاعدگی سے قسطیں ادا کی ہوں گی۔

 

Advertisement