کراچی: (دنیا نیوز) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے سٹیٹ بینک کے حالیہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بینکوں پر کورونا وائرس کے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
موڈیز کے مطابق سٹیٹ بینک نے شرح سود میں 1.5 فیصد اور بینکوں کے کیپیٹل کنزرویشن بفر میں بھی ایک فیصد کی کمی کی ہے، ان اقدامات سے معاشی سست روی کے دوران بینکوں پر ہونے والے اثرات کم ہونگے۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی شرح نمو رواں مالی سال 2 سے 2.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، شرح نمومیں کمی کی وجہ کورونا کی عالمی وبا ہے۔
موڈیز کا کہنا ہے کہ خدمات کی کھپت پر نقل وحمل کی پابندیوں کے باعث کمی آئے گی، ٹیکسٹائل سیکٹر کو سپلائی چین میں تعطل اور آڈرز کے مؤخر ہونے سے نقصان ہوگا، تاہم شرح سود میں کمی، کریڈٹ گروتھ کو متوازن رکھنے کا باعث بنے گی۔