کراچی: (دنیا نیوز) روزگار ری فنانس اسکیم کے تحت ابتک 61 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری، سہولت حاصل کرنے والی کمپنیاں ملازمین کو تین ماہ تک برطرف نہیں کرسکیں گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق روزگار ری فنانس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لئے اب تک کمرشل بینکوں کو 1700 درخواستین موصول ہوچکی ہیں اور 61 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری بھی دی جاچکی ہے جس سے لگ بھگ 6 لاکھ افراد کی نوکریاں بچائی جاسکیں گی۔
روزگار ری فنانس اسکیم کے تحت کُل 120 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے جس سے 11 لاکھ افراد کی نوکریاں بحال رکھنے میں مدد ملے گی۔ اسکیم سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیاں 3 ماہ تک ملازمین کو نکال نہیں سکیں گی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب معاشی سرگرمیاں متاثر ہونے سے کئی افراد بے روزگار ہوچکے ہیں، مزید افراد کے روزگار کو بچانے کی خاطر اسٹیٹ بینک صرف 3 فیصد شرح سود پر 50 کروڑ روپے تک کے قرضے فراہم کررہا ہے۔